ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں شہری دفاع کے اہلکار کو سزائے موت دے دی گئی
ایرانی عدلیہ کے سرکاری میڈیا آؤٹ لیٹ میزان نیوز کے مطابق ملک میں ایک اعلیٰ شہری دفاعی اہلکار کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے لیے جاسوسی کے الزام میں سزائے موت دے دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق مہدی فرید نامی اہلکار، جو سول ڈیفنس کے ایک سرکاری ادارے میں انتظامی عہدے پر فائز تھے، پر الزام تھا کہ انہوں نے حساس سرکاری معلومات اسرائیلی انٹیلی جنس کو فراہم کرنے کی کوشش کی۔
میزان نیوز کے مطابق ایرانی سپریم کورٹ نے ان کی سزا کو برقرار رکھا، جس کے بعد عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے انہیں پھانسی دی گئی۔
تفتیشی حکام کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ اس نے تنظیمی ڈھانچے، داخلی عمارتوں کی تفصیلات، دفاعی تنصیبات کی سیکیورٹی معلومات اور اہلکاروں کے ریکارڈ تک رسائی کی کوشش کی اور انہیں اسرائیلی اداروں تک پہنچانے کی کوشش کی۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ اقدام قومی سلامتی کے خلاف سنگین جرم تھا، جس پر سخت عدالتی کارروائی عمل میں لائی گئی۔