وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت نے بہترین بجٹ پیش کیا ہے جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، اور سیاست کی خاطر ملک کے خلاف کسی بھی سازش کو ہرگز قبول نہیں کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ کے روز اپوزیشن نے احتجاج کیا اور ایوان میں کاپیاں پھاڑیں، تاہم موجودہ بجٹ کو بین الاقوامی سطح پر بھی پذیرائی مل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا ہے، 50 ہزار روپے تک آمدن پر کوئی ٹیکس نہیں جبکہ 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک آمدن پر صرف ایک فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔
عطا تارڑ کے مطابق وزیراعظم نے ایک بار پھر اپوزیشن کو میثاق جمہوریت کی دعوت دی ہے، اور حکومت ہمیشہ مذاکرات کے لیے تیار رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں بعض عناصر نے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلنے کی کوشش کی، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو استحکام دینے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترسیلات زر نے ریکارڈ سطح حاصل کی ہے جبکہ سفارشی کلچر کے خاتمے کے لیے بھی اصلاحات کی گئی ہیں۔
عطا تارڑ نے کہا کہ معیشت کی بہتری میں مختلف اداروں کا کردار اہم ہے اور حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے پرعزم ہے۔