آزادکشمیر میں عام انتخابات کےشیڈول کااعلان-آزادکشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوں گے
آزاد جموں وکشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ آزادکشمیر میں عام انتخابات 27 جولائی کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق اسمبلی کی آئینی مدت اور قانونی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 5 جون کو انتخابی شیڈول جاری کیا گیا تھا، اور انتخابات کے التوا سے متعلق تمام قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتخابی شیڈول مکمل طور پر آئینی و قانونی تقاضوں کے مطابق جاری کیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی بدنیتی یا سیاسی مقصد کا کوئی عمل دخل نہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ ادارے کی ذمہ داری ہے کہ بروقت انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آزادکشمیر میں شفاف، آزادانہ اور غیرجانبدار انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔