ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا شیڈول جاری، پاک بھارت ٹاکرا 15 فروری کو ہوگا
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کا مکمل شیڈول اور میزبان مقامات جاری کر دیے ہیں۔ ایونٹ کے میچز بھارت اور سری لنکا کے 7 بڑے وینیوز،نیو دہلی، چنئی، کولکتہ، ممبئی، احمد آباد، کولمبو اور کینڈی—میں کھیلے جائیں گے۔
سب سے دلچسپ مقابلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 فروری بروز اتوار طے کیا گیا ہے، جبکہ گرین شرٹس اپنے دیگر گروپ میچز 7، 10 اور 18 فروری کو کھیلیں گے۔ پاکستان کے تمام میچز سری لنکا میں ہوں گے، اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں فیصلہ کن معرکہ بھی کولمبو میں ہی ہوگا۔
ایونٹ کا آغاز 7 فروری کو ہوگا اور فائنل 8 مارچ کو احمد آباد یا کولمبو میں شیڈول ہے۔
20 ٹیموں پر مشتمل اس بڑے ایونٹ کو 4 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔
گروپ اے: پاکستان، بھارت، امریکا، نیدرلینڈز، نمیبیا
گروپ بی: آسٹریلیا، سری لنکا، عمان، زمبابوے، آئرلینڈ
گروپ سی: انگلینڈ، ویسٹ انڈیز، بنگلادیش، نیپال، اٹلی
گروپ ڈی: نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا، افغانستان، کینیڈا، یو اے ای
7 سے 19 فروری تک روزانہ تین میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ 20 فروری کو صرف ایک میچ آسٹریلیا اور عمان کے درمیان ہوگا۔ سپر ایٹ مرحلہ 21 فروری سے یکم مارچ تک جاری رہے گا۔ پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو کولکتہ یا کولمبو میں اور دوسرا سیمی فائنل 5 مارچ کو ممبئی میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ شائقین پاک بھارت ٹاکرے سمیت پورے ایونٹ کا بےصبری سے انتظار کر رہے ہیں۔