ایران کو 300 ارب ڈالرکچھ شرائط پرمل سکتے ہیں،جے ڈی وینس-امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کو تعمیراتی منصوبوں کے لیے 300 ارب ڈالر تک کا فنڈ کچھ شرائط کے ساتھ مل سکتا ہے، جو خلیجی اتحادی ممالک کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔
امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ اگر ایران اپنی ذمہ داریاں اور وعدے پورے کرتا ہے تو اسے اس فنڈ سے فائدہ حاصل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے 24 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے جاری کرنے کی شق معاہدے کے مسودے کا حصہ نہیں ہے۔
نائب امریکی صدر کے مطابق ایران کو کسی بھی مالی رعایت یا پابندیوں میں نرمی صرف اس صورت میں ملے گی جب وہ اپنے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کے خاتمے اور بین الاقوامی تصدیقی نظام کو قبول کرنے جیسے قابلِ تصدیق اقدامات کرے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے ساتھ امن معاہدے پر دستخط ہو چکے ہیں اور اس کا مسودہ جمعے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس دستخط کی تقریب کے لیے جنیوا جائیں گے، تاہم وہ خود ممکنہ طور پر اس تقریب میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔