بابراعظم کی شمولیت ٹیم کے لیے فائدہ مند ہوگی،کپتان سلمان علی آغا
راولپنڈی: پاکستان ٹی20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ ایشیا کپ کے تجربات سے کافی کچھ سیکھا ہے اور وہ غلطیوں کو دہرانے کے بجائے ٹی20 ورلڈ کپ کی بھرپور تیاری کریں گے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم کی کوشش ہمیشہ جیت پر مرکوز رہے گی اور ہر گراؤنڈ کے اعداد و شمار کے مطابق حکمت عملی تیار کی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ گراؤنڈ کے اوسط اسکور سے زیادہ رنز کرنے کی کوشش کریں گے اور یہی حکمت عملی ٹی20 ورلڈ کپ تک جاری رہے گی۔
کپتان نے اپنی ذاتی پرفارمنس پر بھی بات کی اور کہا کہ حالیہ سیریز میں بیٹنگ پر توجہ رہی، ضرورت پڑنے پر بولنگ بھی کریں گے۔ انہوں نے بابراعظم کی موجودگی کو ٹیم کے لیے فائدہ مند قرار دیا اور کہا کہ تجربہ کار کھلاڑیوں کی شمولیت سے ٹیم مضبوط ہوگی۔
سلمان علی آغا نے مزید کہا کہ وہ خود گراؤنڈ میں فیصلے کرتے ہیں اور ڈیتھ اوور میں بولنگ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بیٹرز کو اسٹرائیک ریٹ پر کام کرنے اور پاور ہٹنگ کے لیے مخصوص کھلاڑیوں کے استعمال پر بھی بات کی۔
کپتان نے ٹرائی نیشن سیریز اور ایشیا کپ کے فائنل میں کھیلنے کو مثبت پوائنٹ قرار دیا اور پنک میچ میں حصہ لینے کے لیے جوش و خروش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ 15 کھلاڑیوں پر توجہ مرکوز ہے اور غیر موجود کھلاڑیوں کے بارے میں زیادہ غور نہیں کیا جائے گا۔