پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ
دبئی میں ہونے والے ایشیا کپ 2025 کے سب سے بڑے مقابلے، پاکستان اور بھارت کے میچ کے قریب آتے ہی ٹکٹس کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
منتظمین کے مطابق، نوے فیصد سے زائد ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہو چکے ہیں جبکہ جنرل انکلوژر کے تقریباً تمام ٹکٹس شائقین خرید چکے ہیں۔
جمعرات کی شام تک عام نشست کے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 750 درہم (تقریباً 57 ہزار پاکستانی روپے) ریکارڈ کی گئی، جبکہ پریمیئم ٹکٹس 3,500 درہم (تقریباً 2 لاکھ 70 ہزار پاکستانی روپے) میں دستیاب تھے۔
انتہائی محدود تعداد میں باقی ماندہ ٹکٹس دبئی کرکٹ اسٹیڈیم کے قریب قائم ٹکٹ باکسز اور آن لائن ونڈو کے ذریعے فروخت کیے جا رہے ہیں، تاکہ شائقین بروقت اپنی نشستیں یقینی بنا سکیں۔
شائقین کرکٹ کے مطابق، ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلہ ہمیشہ سب سے زیادہ دلچسپی اور جوش و خروش کا باعث بنتا ہے اور اس بار بھی دبئی اسٹیڈیم کے "ہائی وولٹیج” میچ کا انتظار کیا جا رہا ہے۔