ایتھوپیا پھٹنے والے آتش فشاں کی راکھ کے بادل بھارتی شہروں تک پہنچ گئے، جبکہ پاکستان کی فضائی حدود اب کلیئر ہوچکی ہیں۔ ایتھوپیا میں 12 ہزار سال بعد پھٹنے والے آتش فشاں سے نکلنے والی راکھ کے اثرات پہلے پاکستان پر پڑے اور اب بھارت کے گجرات، نئی دہلی، راجستھان، پنجاب اور ہریانہ تک پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق راکھ کے بادل فلائٹ آپریشنز میں رکاوٹ بن رہے ہیں، جس کے باعث ائیر انڈیا نے احتیاطی تدابیر کے طور پر متاثرہ فضائی راستوں سے گزرنے والی پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔
پاکستانی محکمہ موسمیات کے ترجمان انجم نذیر نے بتایا کہ آتش فشاں کی راکھ اب بھارت کی جانب بڑھ گئی ہے اور شمالی پاکستان متاثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ راکھ سندھ کے اوپر بحیرہ عرب سے گزری لیکن زمین پر کوئی اثر نہیں ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایوی ایشن کو آتش فشاں کی راکھ کے بارے میں ایڈوائزری جاری کی گئی، جبکہ راکھ کی بلندی 45 ہزار فٹ سے زائد تھی۔ پاکستان کے ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن 36 ہزار فٹ اور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن 40 ہزار سے 48 ہزار فٹ کی بلندی پر ہوتے ہیں۔