اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے3معطل ارکان بحال کر دیئے
لاہور: پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن جماعت کے ارکان کی معطلی کا معاملہ حل ہو گیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے اپوزیشن کے تین معطل ارکان کو بحال کرتے ہوئے ان کی معطلی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔
اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اسپیکر کی ہدایت پر میاں اعجاز شفیع، امتیاز محمود شیخ اور خالد زبیر نثار کی رکنیت بحال کر دی گئی۔
یہ ارکان رواں ماہ ایوان میں ہنگامہ آرائی اور غیر پارلیمانی رویے کے باعث پندرہ اجلاسوں کے لیے معطل کیے گئے تھے۔
ذرائع کے مطابق اپوزیشن ارکان نے معطلی کے خلاف ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا، تاہم اسپیکر نے مفاہمانہ رویہ اپناتے ہوئے ازخود ان کی بحالی کا فیصلہ کیا۔
اسپیکر نے تمام جماعتوں پر زور دیا کہ ایوان میں مثبت طرزِ عمل اختیار کریں اور پارلیمانی روایات کا احترام کریں۔ بحالی کے بعد تینوں ارکان آئندہ اجلاسوں میں معمول کے مطابق شرکت کریں گے۔