ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.34 🇪🇺 یورو ₨323.15 🇬🇧 پاؤنڈ ₨373.66 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.22 🇦🇪 درہم ₨75.79 🇨🇳 چینی یوان ₨41.11

میجر عزیز بھٹی شہید کا آج 60واں یومِ شہادت

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
میجر عزیز بھٹی شہید کا آج 60واں یومِ شہادت

میجر عزیز بھٹی شہید کا آج 60واں یومِ شہادت

قوم آج 1965ء کی جنگ کے عظیم ہیرو میجر عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کا 60واں یومِ شہادت عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہی ہے۔ بہادر سپوت نے برکی سیکٹر پر سیسہ پلائی دیوار بن کر دشمن کی پیش قدمی روک دی اور جرات و شجاعت کی لازوال داستان رقم کی۔

میجر عزیز بھٹی 16 اگست 1928ء کو ہانگ کانگ میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان سے قبل ان کا خاندان واپس آکر گجرات کے گاؤں لادیاں میں آباد ہوا۔ انہوں نے 17 پنجاب رجمنٹ میں سیکنڈ لیفٹیننٹ کی حیثیت سے کمیشن حاصل کیا۔

1965ء کی جنگ کے دوران لاہور کا محاذ دشمن کے شدید حملوں کا مرکز بنا۔ میجر عزیز بھٹی کو برکی سیکٹر پر محاذ سنبھالنے کی ذمہ داری ملی، جہاں انہوں نے اپنی کمپنی کے ساتھ چھ دن اور راتیں دشمن کو نہ صرف روکے رکھا بلکہ شدید نقصان پہنچایا۔ 12 ستمبر کو دشمن کے ٹینک کا گولا ان کے شانے پر لگا اور وہ جامِ شہادت نوش کر گئے۔ ان کی شجاعت کے اعتراف میں انہیں نشانِ حیدر سے نوازا گیا۔

افواجِ پاکستان نے اس موقع پر شہید کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میجر عزیز بھٹی شہید جرات، عزم، ایمان اور قومی وفاداری کی روشن مثال ہیں۔ لاہور کے قریب برکی سیکٹر کا ان کا بہادری سے دفاع ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ادھر گجرات میں مزارِ شہید پر خصوصی تقریب ہوئی، جس میں جی او سی 17 ڈویژن میجر جنرل اظہر یاسین نے حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر شہید کے بلندی درجات اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا بھی کی گئی۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔