بھارت نے آذربائیجان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت سے روک دیا
روسی ذرائع ابلاغ کے مطابق آذربائیجانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت نے ایک مرتبہ پھر آذربائیجان کو شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کی مکمل رکنیت حاصل کرنے سے روک دیا۔
اطلاعات کے مطابق آذربائیجان کے صدر الہام علییوف نے چین کے شہر تیانجن میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے پر بھارتی حکومت عالمی فورمز میں باکو کے خلاف رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
صدر علییوف نے مزید کہا کہ وہ بھارت کے خلاف کامیابی پر پاکستان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان کے مطابق آذربائیجان اور پاکستان کے تعلقات دوستانہ اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں، لیکن بھارت اس قربت سے خوش نہیں ہے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم 2001 میں قائم کی گئی تھی اور اس کے موجودہ اراکین میں پاکستان، بھارت، ایران، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔ بیلاروس بھی جولائی 2024 میں تنظیم کا رکن بن گیا تھا۔
اس کے علاوہ افغانستان اور منگولیا تنظیم میں مبصر ممالک ہیں، جبکہ ڈائیلاگ پارٹنرز میں آذربائیجان، آرمینیا، بحرین، مصر، کمبوڈیا، قطر، کویت، مالدیپ، میانمار، نیپال، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، ترکی اور سری لنکا شامل ہیں۔