علی امین گنڈاپور کی کالا باغ ڈیم منصوبے کی حمایت
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کے لیے کالا باغ ڈیم جیسے منصوبوں کو ضرور تعمیر ہونا چاہیے۔ اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سب کو اعتماد میں لے کر اس منصوبے پر عمل کیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو فائدہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ صوبائیت کی سیاست کے باعث ملک کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا، قومی مفاد کو ذاتی یا علاقائی مفادات پر ترجیح دینی ہوگی۔ علی امین گنڈاپور کے مطابق تمام صوبوں کو اپنے خدشات کے مطابق تحفظات دور کرکے ایسے قومی منصوبوں کی راہ ہموار کرنی چاہیے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا اس وقت بارشوں، کلاوڈ برسٹ اور اچانک سیلاب سے متاثر ہے اور صوبائی حکومت دستیاب وسائل کے تحت ریلیف اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ہمارا بھائی ہے، وہاں کے عوام کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ پنجاب حکومت کو یقین دلایا ہے کہ جس چیز کی ضرورت ہو، خیبر پختونخوا فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
افغان عوام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت زلزلہ متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، ریسکیو ٹیمیں، طبی سہولیات اور سامان فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں افغان عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ چالیس سال افغان مہاجرین کو پناہ دی گئی، اس لیے اب ان کی واپسی بھی باعزت طریقے سے ہونی چاہیے۔ صوبے میں کسی مہاجر کو تنگ نہیں کیا جا رہا اور نہ ہی ان پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ افغان حکومت کو بھی زلزلہ متاثرین کے لیے مکمل تعاون کی پیشکش کی گئی ہے۔