ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ:پاکستان کل عمان کے خلاف مہم کا آغاز کرے گا
پاکستانی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز کل عمان کے خلاف میچ سے کرے گی۔ یہ مقابلہ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جسے ’رِنگ آف فائر‘ بھی کہا جاتا ہے۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے میچ سے قبل پچ کا معائنہ کرنے کے بعد گفتگو میں کہا کہ دبئی کی وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار نظر آرہی ہے اور پاکستانی اسکواڈ میں ملٹی اسکلز کھلاڑی شامل ہیں۔
یہ پہلا موقع ہے کہ عمان کی ٹیم ایشیا کپ میں شرکت کر رہی ہے۔ کرکٹ ماہرین اس میچ کو پاکستان کے لیے نسبتاً آسان قرار دے رہے ہیں اور بھارت کے خلاف اتوار کو ہونے والے اہم مقابلے سے پہلے اسے وارم اپ تصور کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی ٹیم کا مورال بلند ہے، خاص طور پر سہ ملکی سیریز میں کامیابی کے بعد کھلاڑی پراعتماد دکھائی دیتے ہیں۔
دوسری جانب عمان کے کپتان جتیندر سنگھ نے کہا کہ کاغذی طور پر پاکستانی ٹیم مضبوط ہے، لیکن ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کچھ بھی ممکن ہے۔ ان کے مطابق بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنا عمان کے لیے ایک قیمتی موقع ہے۔