کوہاٹ کے تحصیل لاچی کے علاقے مالگین میں طوفانی بارش کے باعث ایک رہائشی مکان منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 15 افراد ملبے تلے دب گئے۔
ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو ملبے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا۔ امدادی حکام کے مطابق چار افراد موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ 11 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 50 سالہ بسمینہ، 45 سالہ نواب جانہ، 45 سالہ فرمینہ اور 6 سالہ ارحم شامل ہیں۔
حکام کے مطابق زخمیوں میں صفی اللہ، نبیلہ، شاردہ ناز، سیف اللہ، رویزہ، گل مرجانہ، سکینہ، جاویدہ، ادیبہ، شیرینہ اور رخسانہ بی بی شامل ہیں، جن میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور امدادی اداروں نے متاثرہ خاندان کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ علاقے میں مزید بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔