ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.04 🇪🇺 یورو ₨317.12 🇬🇧 پاؤنڈ ₨372.22 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.15 🇦🇪 درہم ₨75.71 🇨🇳 چینی یوان ₨41.01

ایران کا جوابی حملہ،بحرین،کویت اور اردن میں امریکی فوجی اڈے نشانے پر

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
ایران کا جوابی حملہ،بحرین،کویت اور اردن میں امریکی فوجی اڈے نشانے پر

امریکا کی جانب سے ایران کے جنوبی ساحلی علاقوں پر حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق ایران نے بحرین، کویت اور اردن میں موجود امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔

ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاسدارانِ انقلاب اور ایرانی مسلح افواج نے مختلف امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ اردن کے پرنس حسن ایئر بیس پر میزائل اور ڈرون حملوں کے ساتھ ایندھن کے ذخائر اور اسلحہ گوداموں کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

ایرانی حکام کے مطابق بحرین کے شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی ڈرون کمانڈ اینڈ کنٹرول مرکز، پی-8 طیاروں کے ہینگر اور ہیلی کاپٹروں کی مرمت کی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔

بحرینی وزارتِ داخلہ نے فضائی حملے کے سائرن بجنے کے بعد شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی۔

 

ادھر ایران کے مطابق کویت کے علی السالم ایئر بیس پر ایندھن کے ذخائر اور پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ احمد الجابر ایئر بیس پر موجود ریڈار نظام پر بھی حملے کیے گئے۔

پاسدارانِ انقلاب نے بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائیاں ایران کے خلاف امریکی فوجی حملوں کے جواب میں جاری آپریشن کے تیسرے مرحلے کا حصہ ہیں۔

ایرانی حکام نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز میں امریکی فوجی سرگرمیاں جاری رہیں تو مزید کارروائیاں کی جا سکتی ہیں۔

 

دوسری جانب اردن کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی فضائی حدود میں داخل ہونے والے ایران کے چار میزائل تباہ کر دیے۔

 

اسی طرح کویتی فوج کے جنرل اسٹاف کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے فضائی حدود میں داخل ہونے والے اہداف کا مقابلہ کیا، جبکہ شہریوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی اپیل کی گئی۔

 

آزاد ذرائع سے ایرانی دعوؤں اور حملوں سے ہونے والے ممکنہ نقصانات کی مکمل تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی، جبکہ متعلقہ ممالک کی جانب سے صورتحال پر مزید بیانات کا انتظار ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔