ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.04 🇪🇺 یورو ₨317.12 🇬🇧 پاؤنڈ ₨372.22 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.15 🇦🇪 درہم ₨75.71 🇨🇳 چینی یوان ₨41.01

پاکستان میں پیٹرول بنگلہ دیش،سری لنکا اور ترکیہ سے سستا:وزیر پیٹرولیم

👁️ 2 مرتبہ پڑھا گیا
پاکستان میں پیٹرول بنگلہ دیش،سری لنکا اور ترکیہ سے سستا:وزیر پیٹرولیم

 اسلام آباد: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں عالمی توانائی مارکیٹ، قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار اور اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں عالمی منڈی کی موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے مختلف ماڈلز پر غور کیا گیا۔ کمیٹی نے تجویز دی کہ عوام کو قیمتوں کے تعین کے لیے استعمال ہونے والے بینچ مارک سے باقاعدہ آگاہ کیا جائے تاکہ پورا عمل زیادہ شفاف اور قابلِ اعتماد بنایا جا سکے۔

اجلاس کے شرکا نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو صوابدیدی فیصلوں کے بجائے ایک منظم اور شفاف طریقہ کار کے تحت چلایا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز کی ممکنہ بندش کے باعث عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی ہے، جس کے پیش نظر پیٹرولیم قیمتوں سے متعلق کمیٹی کی ذمہ داریاں مزید اہم ہو گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ کے مقابلے میں کم ہیں، جبکہ بھارت کے برابر کے قریب ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق مقامی سطح پر ڈیزل کی پیداوار میں اضافہ نہ صرف درآمدات پر انحصار کم کرے گا بلکہ ملک کی توانائی سلامتی کو بھی مضبوط بنائے گا۔

علی پرویز ملک نے مزید بتایا کہ پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی نوعیت کا ہوگا، جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو منظوری کے لیے پیش کر دی جائیں گی۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔