ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.04 🇪🇺 یورو ₨317.12 🇬🇧 پاؤنڈ ₨372.22 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.15 🇦🇪 درہم ₨75.71 🇨🇳 چینی یوان ₨41.01

غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ برقرار،6 فلسطینی جاں بحق

👁️ 3 مرتبہ پڑھا گیا
غزہ میں اسرائیلی حملوں کا سلسلہ برقرار،6 فلسطینی جاں بحق

غزہ:جنگ بندی کے باوجود غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے نتیجے میں کم از کم 6 فلسطینی جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک 9 سالہ بچی بھی شامل ہے۔

طبی ذرائع کے مطابق وسطی غزہ کے البریج پناہ گزین کیمپ کے قریب بے گھر افراد کے خیموں پر فائرنگ کے واقعے میں 9 سالہ طلہ ابو مطر ہلاک ہو گئیں۔

اسرائیلی فوج نے اس واقعے سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوری طور پر اس حوالے سے معلومات دستیاب نہیں۔

دوسری جانب غزہ سٹی کے صبرہ علاقے میں ایک ورکشاپ پر فضائی حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم چار افراد جاں بحق ہوئے۔

عینی شاہدین کے مطابق حملے میں متعدد میزائل داغے گئے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ کارروائی میں عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس دعوے کے حق میں مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

جنوبی غزہ کے علاقے المواصی، خان یونس میں بھی بے گھر افراد کے خیموں پر حملے کی اطلاعات ہیں،

جہاں ایک شخص جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل بتائی جا رہی ہے۔

اس حملے پر اسرائیلی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حماس کا وفد قاہرہ میں جنگ بندی کے دوسرے مرحلے سے متعلق مذاکرات میں شریک ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں مختلف اہم نکات زیر غور ہیں، تاہم تاحال کسی بڑی پیش رفت کی اطلاع نہیں ملی۔

فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود غزہ میں وقفے وقفے سے حملے جاری ہیں، جس کے باعث جانی نقصان میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

مبصرین کے مطابق جاری کشیدگی اور مذاکرات میں سست روی خطے میں مستقل امن کے امکانات کو متاثر کر رہی ہے۔

 

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔