ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.22 🇪🇺 یورو ₨317.67 🇬🇧 پاؤنڈ ₨371.81 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.19 🇦🇪 درہم ₨75.76 🇨🇳 چینی یوان ₨40.90

گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس:خاتون کا بیان ریکارڈ،واٹس ایپ چیٹ بھی تفتیش کا حصہ بن گئی

👁️ 3 مرتبہ پڑھا گیا
گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس:خاتون کا بیان ریکارڈ،واٹس ایپ چیٹ بھی تفتیش کا حصہ بن گئی

اسلام آباد میں پیش آنے والے گروپ کیپٹن عاصم طارق قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے واقعے سے متعلق خاتون کا باقاعدہ بیان ریکارڈ کر لیا ہے، جبکہ تفتیش کے دوران خاتون اور ملزم کے درمیان ہونے والی واٹس ایپ گفتگو بھی سامنے آ گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ ملزم اور خاتون ایک ہی ادارے میں ملازمت کرتے تھے۔ دونوں کے درمیان قتل کے واقعے سے تقریباً پانچ روز قبل واٹس ایپ پر رابطہ شروع ہوا، جس دوران ملزم نے خاتون کو دفتر آنے جانے کے لیے پک اینڈ ڈراپ کی پیشکش بھی کی تھی۔

خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ وقوعہ کے روز جب وہ ڈیوٹی پر جا رہی تھیں تو ملزم انہیں زبردستی ایف نائن کی جانب لے جانے کی کوشش کرنے لگا۔ مناسب موقع ملنے پر وہ موٹر سائیکل سے اتر گئیں، جس پر ملزم نے مبینہ طور پر پستول کے بٹ سے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

اسی دوران گروپ کیپٹن عاصم طارق وہاں پہنچے اور صورتحال جاننے کی کوشش کی۔ خاتون کے مطابق ملزم نے گروپ کیپٹن کو بتایا کہ یہ ان کا ذاتی یا خاندانی معاملہ ہے، جس پر وہ ابتدا میں وہاں سے روانہ ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق کچھ فاصلے پر پہنچنے کے بعد گروپ کیپٹن عاصم طارق نے گاڑی کے شیشے سے دیکھا کہ ملزم کے پاس اسلحہ موجود ہے۔ اس پر انہوں نے گاڑی واپس موڑی اور دوبارہ ملزم سے بات کرنے کی کوشش کی۔ اسی دوران ہونے والی گفتگو کے دوران ملزم نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں گروپ کیپٹن عاصم طارق موقع پر شہید ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل شواہد، واٹس ایپ ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔