بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، مزید 9 مبینہ دہشت گرد ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری مشترکہ کارروائیوں کے دوران مزید 9 مبینہ دہشت گردوں کے ہلاک ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج، فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان اور پولیس مشترکہ طور پر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کر رہی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ آپریشن کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور دور دراز مقامات پر زمینی اور فضائی کارروائیاں کی گئیں، جن میں 9 مبینہ دہشت گرد مارے گئے۔
ذرائع کے مطابق جاری آپریشن کے دوران اب تک ہلاک ہونے والے مبینہ دہشت گردوں کی تعداد 52 ہو گئی ہے، جبکہ 5 جولائی سے مختلف انٹیلی جنس بیسڈ اور دیگر کارروائیوں میں مجموعی طور پر 88 مبینہ دہشت گرد ہلاک کیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے خاتمے اور امن و امان کی بحالی کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور خطرات سے نمٹنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مؤثر انداز میں کارروائیاں کر رہی ہیں اور ملک میں امن کے قیام کے لیے ان کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں۔