آزاد کشمیر ہائی کورٹ نے پولیس کے ڈی آئی جیز کے تبادلوں سے متعلق جاری نوٹیفکیشن کو عارضی طور پر معطل کر دیا ہے۔
یہ حکم ایڈیشنل آئی جی محمد یاسین قریشی کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا گیا، جس میں عدالت نے فریقین کو 6 مئی کو طلب کرتے ہوئے رٹ درخواست کو باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لیا۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ چھٹی پر جانے سے قبل تبادلہ کرنا اور بغیر چارج دیے سینئر افسر کو تبدیل کرنا قواعد کے خلاف ہے، جسے عدالت میں چیلنج کیا گیا۔ عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد تبادلوں کے عمل کو متنازع قرار دیتے ہوئے نوٹیفکیشن کو تاحکمِ ثانی معطل کرنے کا حکم دیا۔
درخواست گزار ایڈیشنل آئی جی محمد یاسین قریشی ایک ماہ کی ایکس پاکستان رخصت پر جانے والے تھے، جبکہ ان کی ریٹائرمنٹ یکم مارچ 2027 کو متوقع ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر متعلقہ حکام سے وضاحت طلب کر لی ہے۔