بنگلہ دیش انتخابات:بی این پی کو واضح برتری-بنگلہ دیش میں عام انتخابات کے غیر حتمی نتائج کے مطابق اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کو واضح برتری حاصل ہو گئی ہے جبکہ جماعت اسلامی دوسرے نمبر پر رہی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈالے گئے ووٹوں میں سے 73 فیصد نے ریفرنڈم کے حق میں جبکہ 27 فیصد نے مخالفت میں ووٹ دیا۔ غیر سرکاری اور ابتدائی نتائج کے مطابق 167 نشستوں پر بی این پی اتحاد کو سبقت حاصل ہے، جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت میں قائم اتحاد 62 نشستوں پر کامیابی کے قریب بتایا جا رہا ہے۔ پانچ نشستوں پر آزاد اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں کو برتری حاصل ہوئی ہے۔
بی این پی کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر دو تہائی اکثریت کے ہدف کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے انتخابی عمل پر تنقید کرتے ہوئے اسے مسترد کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:۔ بنگلادیش انتخابات:جماعت اسلامی کے امیدوار نے شکست تسلیم کرلی
میڈیا ذرائع کے مطابق بی این پی کے سربراہ طارق الرحمان ڈھاکا اور بوگرا کی نشستوں سے کامیاب قرار دیے گئے ہیں۔ ادھر جماعت اسلامی کے امیر شفیق الرحمان نے ڈھاکا کی ایک نشست سے کامیابی حاصل کی اور انتخابی نتائج میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا، تاہم انہوں نے کہا کہ منصفانہ نتائج کو تسلیم کیا جائے گا۔
طلبہ تنظیم سے وابستہ سیاسی جماعت کے رہنما ناہید اسلام کو بھی ڈھاکا کی ایک نشست پر برتری حاصل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
انتخابی مبصرین کے مطابق ملک کی 31 سالہ انتخابی تاریخ میں پہلی مرتبہ عام انتخابات کے دوران کسی ہلاکت کی اطلاع سامنے نہیں آئی، جسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔