اسلام آباد: سابق آرمی چیف جنرل (ریٹائرڈ) قمر جاوید باجوہ گھر میں گرنے سے زخمی ہوگئے، انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
فیملی ذرائع کے مطابق جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ منگل کی صبح تقریباً ساڑھے چار بجے اپنے گھر کے واش روم میں گر گئے، جس کے نتیجے میں ان کے جسم کے مختلف حصوں پر چوٹیں آئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے سر پر بھی زخم آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہیں راولپنڈی کے ایک اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں وہ آئی سی یو میں زیرِ علاج ہیں۔ اہل خانہ اور قریبی ذرائع کی جانب سے ان کی صحت کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نومبر 2016 سے نومبر 2022 تک پاکستان کے آرمی چیف رہے۔ انہیں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اس عہدے پر تعینات کیا تھا جبکہ بعد ازاں سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں ان کی مدت ملازمت میں تین سال کی توسیع کی گئی تھی۔