امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مغربی کنارے پر اسرائیلی قبضے کے اقدامات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں استحکام اسرائیل کی سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ وائٹ ہاؤس کے عہدیدار کے مطابق فلسطینی علاقوں میں امن و استحکام امریکی قیامِ امن کے مقاصد کے مطابق ہے اور ایسے اقدامات کی حمایت نہیں کی جائے گی جو کشیدگی میں اضافہ کریں۔
برطانیہ نے بھی اسرائیلی کابینہ کے اس فیصلے کی مذمت کی ہے جس میں مغربی کنارے پر قبضے کو وسعت دینے کی بات کی گئی تھی۔ برطانوی حکومت نے کہا کہ فلسطین کی جغرافیائی ساخت کو یکطرفہ طور پر تبدیل کرنا ناقابل قبول ہے اور یہ بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہوگا، ساتھ ہی اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ یہ فیصلے فوری طور پر واپس لیے جائیں۔
ادھر پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک نے بھی مغربی کنارے میں اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کی ہے۔ مشترکہ بیان میں عالمی برادری سے کہا گیا کہ وہ اسرائیل کو ایسے اقدامات سے روکنے کے لیے فوری کردار ادا کرے۔ مسلم ممالک کے مطابق اسرائیل کا مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر کوئی حقِ خودمختاری نہیں اور موجودہ اقدامات فلسطینی عوام کی بے دخلی کے خطرات بڑھا سکتے ہیں۔