ABS24
نیوز
ABS24 News Network
💰 زرمبادلہ
🇺🇸 امریکی ڈالر ₨278.34 🇪🇺 یورو ₨323.15 🇬🇧 پاؤنڈ ₨373.66 🇸🇦 سعودی ریال ₨74.22 🇦🇪 درہم ₨75.79 🇨🇳 چینی یوان ₨41.11

ملک بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

👁️ 0 مرتبہ پڑھا گیا
ملک بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

ملک بھر میں آج یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کی طویل جدوجہدِ آزادی سے اظہارِ یکجہتی اور انہیں خراجِ تحسین پیش کرنا ہے۔ اس موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، جبکہ مظفر آباد میں صبح نو سے دس بجے کے درمیان سائرن بجا کر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

یومِ یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں ملک بھر میں مختلف تقاریب، ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے اہم راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی تاکہ کشمیری عوام سے عملی یکجہتی کا پیغام دیا جا سکے۔ آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج منعقد ہوگا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف مظفر آباد کا دورہ کریں گے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغامات میں کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن کشمیریوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کی تجدید کا دن ہے اور عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خود ارادیت دینا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:۔ ملک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،آرمی چیف

وزیراعظم شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کو غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

افواجِ پاکستان نے بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، نیول چیف اور ائیر چیف نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور غیر قانونی گرفتاریاں ناقابلِ قبول ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ کشمیر کی آبادیاتی اور سیاسی شناخت کو تبدیل کرنے کی کوششیں بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، جبکہ خطے میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔

اپنی رائے کا اظہار کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں پر * کا نشان لگا ہوا ہے۔