پاکستان کی جانب سے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اپنا ردعمل جاری کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے باضابطہ رابطے کے منتظر ہیں اور ہر ایونٹ میں مشروط شرکت کے حوالے سے اتفاق مشکل ہے۔ آئی سی سی نے پاکستانی حکومت کے کردار کی عزت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا فیصلہ کھیلوں کی روح پر اثر ڈال سکتا ہے۔ مزید کہا گیا کہ امید ہے پاکستان اس فیصلے کے ممکنہ منفی اثرات پر غور کرے گا اور پی سی بی قابل قبول حل نکالے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے لاہور میں ملاقات کی، جس میں ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا نہ کرنے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اس ملاقات کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے گا، تاہم بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گا۔
حکومت پاکستان نے اپنی سرکاری ٹویٹ میں تصدیق کی کہ قومی ٹیم آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شریک ہوگی، مگر 15 فروری 2026 کو بھارت کے خلاف میچ نہیں کھیلے گی۔