پاک بحریہ کی بڑی کامیابی،اربوں روپے مالیت کی منشیات ضبط
اسلام آباد، پاکستان نیوی نے بحیرہ عرب میں شاندار کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی منشیات ضبط کر لیں، جس سے دنیا بھر میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا تسلیم کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، شمالی بحیرہ عرب میں آپریشن کے دوران تقریباً 972 ملین ڈالر (97 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر) مالیت کی منشیات برآمد کی گئیں۔
نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کامیاب کارروائی پر پی این ایس یرموک کے عملے کو سراہتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی تعریف کی۔
یہ بھی پڑھیں:۔ وزیر داخلہ:مدارس یا مساجد کی بندش کا پروپیگنڈہ بے بنیاد
کمبائنڈ میری ٹائم فورس کے مطابق، دو کشتیوں سے بڑی مقدار میں کرسٹل میتھ، آئس اور کوکین برآمد کی گئی۔ کارروائی کو انسدادِ منشیات کی کامیاب ترین کارروائیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے بھی کامیاب آپریشن پر پاک بحریہ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی سعودی قیادت میں قائم مشترکہ ٹاسک فورس 150 کے تحت پی این ایس یرموک نے انجام دی۔
سعودی رائل نیوی کے کمانڈر فہد الجوید نے بھی اس کارروائی کو عالمی تعاون کی بہترین مثال قرار دیا۔