اورکزئی آپریشن حملے میں ملوث 30 دہشتگرد ہلاک،سکیورٹی ذرائع
اورکزئی میں حالیہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث 30 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دہشتگرد اس حملے میں ملوث تھے جس میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور عزم کے ساتھ کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:۔ اورکزئی،سیکیورٹی فورسز کا آپریشن،11جوان شہید،19دہشتگرد ہلاک
یاد رہے کہ دو روز قبل اورکزئی میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کی جانے والی کارروائی کے دوران لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق، میجر طیب راحت اور 9 دیگر جوانوں نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جبکہ جوابی کارروائی میں متعدد دہشتگرد مارے گئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشن 7 اور 8 اکتوبر کی درمیانی شب بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے ایک ٹھکانے پر کیا گیا، جس میں فورسز نے 19 دہشتگردوں کو انجام تک پہنچایا۔
فوجی ترجمان کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے، جبکہ سیکنڈ ان کمانڈ میجر طیب راحت نے بھی بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔