خانیوال میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ،4 افراد جان کی بازی ہار گئے
خانیوال میں مبینہ پرانی دشمنی کے باعث پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق متاثرہ افراد عدالت میں پیشی کے لیے کچاکھوہ سے خانیوال جا رہے تھے کہ نیازی چوک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ان کی گاڑی کو نشانہ بنا کر فائرنگ کر دی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں چاروں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو ضروری کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا اور واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔