راولپنڈی: پاک بحریہ نے علاقائی خطرات کے پیش نظر “آپریشن محافظ البحر” کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اہم سمندری راستوں اور قومی تجارتی مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق اس آپریشن کا مقصد اہم سمندری گزرگاہوں کی حفاظت اور توانائی کی سپلائی کے تسلسل کو برقرار رکھنا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامع اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ بحری راستوں پر سفر کرنے والے تجارتی جہاز محفوظ رہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان نیوی تجارتی جہازوں کی حفاظت کے لیے مسلسل نگرانی اور رہنمائی فراہم کر رہی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی تقریباً 90 فیصد تجارت سمندر کے ذریعے ہوتی ہے، اس لیے بحری تحفظ کو قومی ترجیح حاصل ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج کے تحت کام کرنے والی پاکستان نیوی ابھرتے ہوئے بحری چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور ملکی سمندری حدود کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔




