پاکستان میں میٹا اے آئی اردو میں متعارف،پاکستان میں AI تعلیم اور ڈیجیٹل تبدیلی کے پروگرام کا آغاز
اسلام آباد: پاکستان میں میٹا اے آئی اب اردو زبان میں بھی دستیاب ہو گیا ہے، جس سے صارفین انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی بات چیت کر سکیں گے۔ یہ اعلان میٹا نے وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اشتراک سے منعقدہ تقریب ”Future in Focus: AI and Innovation“ میں کیا۔
اس موقع پر میٹا نے پاکستان میں مصنوعی ذہانت کی تعلیم اور سرکاری ڈیجیٹل تبدیلی کے تجرباتی پروگرام کے آغاز کا بھی اعلان کیا۔ کمپنی نے ”Transforming Public Sector Innovation in Asia Pacific with Llama“ کے رہنما دستاویز کا مقامی ایڈیشن بھی متعارف کرایا، جو Deloitte کے تعاون سے تیار کی گئی ہے۔ یہ گائیڈ بتاتی ہے کہ کس طرح میٹا کا اوپن سورس اے آئی ماڈل Llama سرکاری کاموں کو بہتر، عوامی خدمات کو مؤثر اور ڈیٹا خود مختاری کو مضبوط بنا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ، میٹا نے HEC، NCEAC، MoITT اور atomcamp کے اشتراک سے AI Literacy Program کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت پاکستان کی مختلف یونیورسٹیوں کے 350 غیر کمپیوٹر سائنس اساتذہ کو مصنوعی ذہانت کی بنیادی مہارتیں سکھائی جائیں گی تاکہ وہ طلبہ کو جدید دور کے مطابق تیار کر سکیں۔
میٹا نے Government Digital Transformation Xperience (GDTX) 2025 پروگرام کا بھی آغاز کیا، جس کا مقصد سرکاری اداروں کو میٹا کی ٹیکنالوجیز، حل اور بہترین عملی طریقے فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سرکاری و نجی شعبے کے ماہرین ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں گے تاکہ ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے مؤثر حکمت عملیاں اور تجربات کا تبادلہ کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیراعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت پاکستان ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایک روشن مستقبل کی جانب گامزن ہے، اور میٹا کے ساتھ شراکت داری اسی عزم کی عکاسی کرتی ہے جو مصنوعی ذہانت کی تعلیم، ڈیجیٹل تبدیلی اور جدت کو حکومت اور تعلیمی اداروں میں فروغ دے رہی ہے۔