سعودی عرب میں کرپشن پر 17 سرکاری اہلکار گرفتار
ریاض: سعودی احتساب و انسداد بدعنوانی اتھارٹی (نزاہہ) کی کارروائی میں مختلف وزارتوں و اداروں کے 17 سرکاری اہلکار کرپشن کے الزامات پر گرفتار کر لیے گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ملزمان پر رشوت لینے، اختیارات کے ناجائز استعمال اور سرکاری فنڈز خرد برد جیسے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
اتھارٹی کے بیان میں بتایا گیا کہ وزارت صنعت و معدنی وسائل کے ایک اہلکار نے ایک غیر ملکی سرمایہ کار کی کمپنی کو غیر قانونی طور پر کرشر لائسنس دینے کے بدلے مبینہ طور پر 16 لاکھ سعودی ریال رشوت وصول کی۔
ایک اور شخص کو 85 ہزار ریال لینے پر گرفتار کیا گیا جو کل 1 لاکھ 10 ہزار ریال کی طے شدہ رشوت کا حصہ تھی، تاکہ غیر قانونی زرعی زمین کے خلاف ڈمولیشن آرڈر منسوخ کرایا جا سکے۔ اسی علاقے سے دو بلدیاتی اہلکار بھی اسی نوعیت کے الزام میں گرفتار ہوئے۔
