افغانستان میں زلزلہ، ہلاکتیں 500 سے تجاوز کر گئیں
کابل سمیت مشرقی افغانستان میں آنے والے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی ہے۔ افغان میڈیا کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 500 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔
گزشتہ رات مقامی وقت کے مطابق 11 بج کر 47 منٹ پر 6 شدت کا زلزلہ آیا، جس کے صرف 20 منٹ بعد ہی 4.5 شدت کا ایک اور جھٹکا ریکارڈ کیا گیا، جس کی گہرائی 10 کلو میٹر تھی۔

سب سے زیادہ نقصان صوبہ کنڑ میں ہوا جہاں درجنوں دیہات متاثر ہوئے اور متعدد افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ریسکیو ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے مختلف شہروں میں بھی محسوس کیے گئے، تاہم وہاں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق رات 12 بج کر 38 منٹ پر ہنگو، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، چترال اور پشاور میں 4.6 شدت کے آفٹر شاکس بھی محسوس کیے گئے۔ ان جھٹکوں کی گہرائی 15 کلو میٹر اور مرکز جنوب مشرقی افغانستان بتایا گیا ہے۔