مالک کے انتقال کے بعد بھی آٹھ سال سے اسپتال کے باہر موجود مرغا-جنوبی امریکی ملک بولیویا میں ایک مرغے کی کہانی لوگوں کے دل چھو رہی ہے، جو گزشتہ کئی برسوں سے اس اسپتال کے باہر موجود ہے جہاں اس کے مالک نے آخری سانسیں لی تھیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق مارٹن نامی یہ مرغا تقریباً آٹھ سال قبل بولیویا کے شہر سانتا کروز میں واقع انسٹیٹیوٹ آف آنکولوجی آف ایسٹرن بولیویا کے باہر آیا تھا۔ اس وقت وہ چوزہ تھا اور اس کا مالک کینسر کے علاج کے لیے اسپتال میں داخل تھا۔
مالک کے انتقال کے بعد بھی مارٹن نے اسپتال کے احاطے کو اپنا ٹھکانہ بنائے رکھا اور وہاں سے نہیں گیا۔ اسپتال کا عملہ اور آس پاس کی دکانوں اور دفاتر میں کام کرنے والے افراد اسے کھانا فراہم کرتے ہیں۔ مرغا ان لوگوں کے قریب چلا جاتا ہے جو اسے خوراک دیتے ہیں، جبکہ اس کی موجودگی برقرار رکھنے کے لیے کوئی اسے پکڑنے کی کوشش نہیں کرتا۔
مارٹن زیادہ تر خاموش رہتا ہے، تاہم اسپتال آنے والے مریض، ان کے رشتے دار اور عملہ اسے استقامت اور وفاداری کی علامت سمجھتے ہیں۔ اسی وجہ سے اسے بولیویا کا ’’ہاچیکو‘‘ بھی کہا جانے لگا ہے۔
ہاچیکو جاپان کا ایک مشہور کتا تھا، جو اپنے مالک سے غیر معمولی وفاداری کے باعث دنیا بھر میں شہرت حاصل کر گیا۔ اس کا مالک یونیورسٹی کا ایک پروفیسر تھا اور ہاچیکو روزانہ اسے ریلوے اسٹیشن تک چھوڑنے اور واپسی پر لینے جایا کرتا تھا۔
مئی 1925 میں پروفیسر کے انتقال کے بعد بھی ہاچیکو تقریباً دس سال تک روزانہ اسی اسٹیشن پر اپنے مالک کی واپسی کا انتظار کرتا رہا۔ اس کی کہانی آج بھی وفاداری کی ایک مشہور مثال سمجھی جاتی ہے۔
مارٹن کی کہانی نے بھی لوگوں کو حیران کر دیا ہے اور یہ سوال دوبارہ اجاگر کیا ہے کہ جانور اپنے مانوس ماحول اور انسانوں سے کس قدر وابستگی پیدا کر سکتے ہیں۔ ل ہوگئی





