نیتن یاہو کی جماعت نے ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کردی-اسرائیل میں عرب ووٹرز کی بڑی تعداد میں شرکت، نیتن یاہو کی جماعت نے ووٹنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست دے دی
اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کی جماعت لیکوڈ نے انتخابی حکام سے ووٹنگ کا دورانیہ بڑھانے کی درخواست کردی ہے۔ جماعت کے مطابق اسے اپنے حامیوں کو پولنگ اسٹیشنوں تک پہنچانے کے لیے مزید وقت درکار ہے۔
لیکوڈ نے ٹیلی گرام پر جاری پیغام میں بتایا کہ ووٹنگ کے اوقات میں توسیع کے لیے باضابطہ درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو اور ان کے حامی عرب اسرائیلی شہریوں کی بڑی تعداد میں انتخابی عمل میں شرکت پر تشویش ظاہر کرتے رہے ہیں۔ اس معاملے پر اسرائیل کی اہم عرب جماعت یونائیٹڈ عرب لسٹ کے سربراہ منصور عباس نے بھی ردعمل دیا ہے۔
منصور عباس نے نیتن یاہو پر سیاسی کشیدگی بڑھانے کا الزام لگاتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم جھوٹ بول رہے ہیں اور ان کی جماعت کے خلاف اشتعال انگیزی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیتن یاہو کی حامی سمجھے جانے والے اسرائیلی ٹی وی چینل 14 نے عرب شہریوں کی بڑی تعداد میں ووٹنگ کے حوالے سے ایک رپورٹ نشر کی، جس میں خدشہ ظاہر کیا گیا کہ اس صورت حال سے انتخابی شفافیت متاثر ہوسکتی ہے۔
نیتن یاہو اس سے قبل انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور انہیں چوری کرنے کی کوشش کے الزامات بھی لگا چکے ہیں۔ تاہم مرکزی الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسے اب تک کسی انتخابی بے ضابطگی کا مشاہدہ نہیں ہوا۔
اسرائیلی اخبار ہاریتز کے مطابق لیکوڈ نے فلسطینی علاقوں میں واقع پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی مبصرین تعینات کرنے کے لیے لاکھوں شیکل خرچ کیے ہیں۔
اخبار کی رپورٹ میں مزید دعویٰ کیا گیا ہے کہ جماعت انتخابی شکست کی صورت میں نتائج کو متنازع بنانے کے امکان کے لیے بھی تیاری کر رہی ہے۔
ادھر نیتن یاہو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر چینل 14 کی ایک تصویر شیئر کی، جس میں عرب شہریوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں پر موجود دکھائی دے رہی تھی۔





