ملتان میں گھر میں آتشزدگی،چھت گرنے سے ماں اور دو بیٹیاں جاں بحق-ملتان کے علاقے لطف آباد میں گھر میں آگ لگنے اور کمرے کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور اس کی دو بیٹیاں جاں بحق ہوگئیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث ایک کمرے کی چھت زمین بوس ہوگئی۔ چھت گرنے سے کمرے میں موجود تینوں خواتین ملبے تلے دب گئیں۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے تینوں خواتین کی لاشیں نکال لیں۔
حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والی خواتین کی شناخت 45 سالہ پروین، ماہین فاطمہ اور میرب فاطمہ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ آگ لطف آباد میں شہرون نامی شہری کے گھر میں لگی۔ واقعے میں آتشزدگی کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔





