پسند کی شادی کے لیے لڑکی 100 فٹ بلند ٹاور پر چڑھ گئی،ویڈیو کال پر نکاح-بھارتی ریاست اتر پردیش میں پسند کی شادی کے لیے ایک 19 سالہ لڑکی کے موبائل فون ٹاور پر چڑھنے کا غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جہاں کئی گھنٹوں کے مذاکرات کے بعد دونوں خاندان شادی پر راضی ہوگئے اور لڑکی کا نکاح ویڈیو کال کے ذریعے پڑھا دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ضلع بہریچ کے مٹی پور علاقے کے گاؤں عشرینہ میں پیش آیا، جہاں مہک نامی لڑکی تقریباً 100 فٹ بلند موبائل ٹاور پر چڑھ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ مہک کا 21 سالہ نورالدین کے ساتھ گزشتہ پانچ ماہ سے تعلق تھا، تاہم مبینہ طور پر برادری کے فرق کی وجہ سے دونوں خاندان اس شادی کے مخالف تھے۔
رپورٹس کے مطابق شادی کے معاملے پر والدہ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد مہک صبح تقریباً 6 بجے ٹاور پر چڑھ گئی اور خبردار کیا کہ اگر اسے نیچے اتارنے کی کوشش کی گئی تو وہ چھلانگ لگا دے گی۔ اطلاع ملنے پر پولیس اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے، جہاں پولیس اہلکاروں نے تقریباً چار گھنٹے تک لڑکی کو سمجھانے اور بحفاظت نیچے اترنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق نورالدین دو ماہ قبل روزگار کے سلسلے میں ممبئی منتقل ہوچکا تھا، جس کے باعث معاملے کو حل کرنے میں دشواری پیش آئی۔ بعد ازاں پولیس نے دونوں خاندانوں سے مذاکرات کیے اور انہیں شادی پر رضامند کرلیا۔
اس کے بعد ایک مقامی قاضی کو موقع پر بلایا گیا، جس نے ممبئی میں موجود نورالدین سے ویڈیو کال کے ذریعے رابطہ کیا۔ نورالدین کی رضامندی اور گواہوں کی موجودگی میں مہک کا نکاح ٹاور پر ہی آن لائن پڑھایا گیا اور نکاح نامے پر دستخط کی کارروائی بھی مکمل کرلی گئی۔
نکاح کے بعد خواتین پولیس اہلکاروں نے احتیاط کے ساتھ مہک کو ٹاور سے بحفاظت نیچے اتار لیا، جس کے بعد کئی گھنٹوں سے جاری کشیدہ صورتحال اختتام پذیر ہوگئی۔





