ایران کا امریکی MQ-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
ایران کا امریکی MQ-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو نشانہ بنا کر مار گرایا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی ڈرون کو ایک نئے اور جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ تاہم امریکی حکام کی جانب سے تاحال ایرانی دعوے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔
MQ-9 ریپر امریکی فوج کا جدید ڈرون ہے، جسے نگرانی، انٹیلی جنس اور دیگر عسکری کارروائیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
ایرانی مؤقف کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان خطے میں عسکری کشیدگی میں اضافہ جاری ہے۔ ایران نے اس سے قبل اردن اور متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجی موجودگی والے مقامات کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔
ایران کا کہنا ہے کہ خطے میں امریکی فوجی تنصیبات پر کارروائیاں اس کی جانب سے امریکی حملوں کے جواب میں کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایرانی حملوں کے جواب میں کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں سے عالمی سطح پر تیل اور گیس کی بڑی مقدار منتقل کی جاتی ہے۔ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اس گزرگاہ کی سلامتی عالمی توانائی منڈیوں کے لیے بھی انتہائی اہم بن گئی ہے۔
