آزاد کشمیر کے جنگلات کے تحفظ اور بحالی کا فیصلہ
آزاد کشمیر کے جنگلات کے تحفظ اور بحالی کا فیصلہ
آزاد کشمیر کے جنگلات کے تحفظ اور بحالی کا فیصلہ-آزاد جموں و کشمیر میں جنگلات کے رقبے میں اضافے، موجودہ جنگلات کے تحفظ اور قدرتی جنگلات کی بحالی کے لیے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جنگلات، وائلڈ لائف و فشریز کے وزیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے جنگلات خطے کا قیمتی قدرتی اثاثہ ہیں، جن کا تحفظ ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور حیاتیاتی تنوع کے فروغ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
محکمہ جنگلات کا قلمدان سنبھالنے کے بعد نظامتِ تجدیدِ جنگلات میرپور کے پہلے دورے کے دوران وزیر نے شجرکاری کی اور محکمہ جنگلات کی کارکردگی اور مختلف جاری منصوبوں کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر سیکرٹری جنگلات چوہدری فرید سمیت دیگر متعلقہ حکام نے وزیر کو آزاد کشمیر میں جاری شجرکاری، جنگلات کے تحفظ، قدرتی جنگلات کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
حکام نے اپ اسکیلنگ گرین پاکستان پروگرام کے تحت جاری شجرکاری مہم، جنگلات کو آگ سے محفوظ رکھنے، غیر قانونی کٹائی کی روک تھام، نئی نرسریوں کے قیام اور پودوں کی مؤثر نگہداشت سے متعلق اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگلاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ منصوبوں پر مؤثر عملدرآمد اور شفاف نگرانی یقینی بنائی جا سکے۔
کرنل (ر) وقار احمد نور نے افسران کو ہدایت کی کہ جنگلات کے تحفظ اور شجرکاری سے متعلق منصوبوں پر عملی پیش رفت یقینی بنائی جائے اور انتظامی یا فیلڈ سطح پر سامنے آنے والی غفلت کا فوری ازالہ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور جنگلات کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیر نے محکمہ جنگلات کے افسران اور اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داری اور نئے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں تاکہ آزاد کشمیر میں جنگلات کا رقبہ بڑھانے، قدرتی جنگلات کی بحالی اور ماحول کے تحفظ کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
