سعودی عرب میں آرامکو کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار،14 افراد جان کی بازی ہار گئے
سعودی عرب کے شہر راس تنورہ میں سعودی آئل کمپنی آرامکو کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں اس میں سوار تمام 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق حادثہ اتوار کے روز پیش آیا۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق ہیلی کاپٹر آرامکو کی ملکیت تھا اور حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جہاں ریسکیو کارروائیاں مکمل کر لی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ تحقیقاتی اداروں نے حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
سعودی حکام نے حادثے میں جان گنوانے والوں کے اہلِ خانہ سے اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی وجوہات سے متعلق مزید معلومات جاری کی جائیں گی۔