بلوچستان کے اضلاع خاران اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر الگ الگ کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 8 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 اور 26 جون کو کیے گئے آپریشنز کا مقصد فتنہ الہندوستان سے وابستہ عناصر کی سرگرمیوں کو روکنا تھا۔ بیان کے مطابق خاران میں سیکیورٹی فورسز نے مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگانے کے بعد بروقت کارروائی کی، جس میں 3 مبینہ دہشت گرد مارے گئے جبکہ متعدد دیگر زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ مستونگ میں ممکنہ خودکش حملہ آور کی موجودگی کی اطلاع پر ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن میں ایک خودکش حملہ آور بھی شامل تھا۔
فوج کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈیز) اور موٹرسائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بدستور جاری رہیں گی۔