اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 27 جون 2026 کو کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارتی پراکسی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے وابستہ دہشت گردوں نے حملے کی کوشش کی، جسے سیکیورٹی اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حملہ آوروں نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرکے حفاظتی حصار توڑنے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے چوکس اہلکاروں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک زخمی حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں رینجرز کے تین اہلکار وطن پر قربان ہوگئے، جبکہ چار اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے "عزمِ استحکام” کے تحت ملک بھر میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دے گا اور حملے میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہید اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔