فٹبال ورلڈ کپ میں الجزائر اور آسٹریا کے درمیان کھیلا گیا سنسنی خیز مقابلہ 3-3 گول سے برابر ختم ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیموں نے گروپ جے سے راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ ایران کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔
میچ کے ابتدائی 60 منٹ تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ دو، دو گول سے برابر رہا۔ بعد ازاں دوسرے ہاف کے انجری ٹائم میں الجزائر نے تیسرا گول کر کے کامیابی کی امید روشن کی۔
تاہم میچ کے آخری لمحات میں آسٹریا نے شاندار واپسی کرتے ہوئے برابر کا گول داغ دیا، جس کے بعد مقابلہ 3-3 سے ختم ہوا اور دونوں ٹیمیں اگلے مرحلے میں پہنچ گئیں۔
اس نتیجے کے باعث ایران کی ٹیم راؤنڈ آف 32 میں جگہ بنانے میں ناکام رہی اور اس کا ورلڈ کپ میں سفر گروپ مرحلے پر ہی اختتام پذیر ہوگیا۔
ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی کے لیے الجزائر یا آسٹریا میں سے کسی ایک ٹیم کی جیت ضروری تھی، لیکن مقابلہ برابر ہونے کی وجہ سے گروپ کی صورتحال نے دونوں ٹیموں کو اگلے مرحلے تک پہنچا دیا۔