تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ نے امریکا کے ساتھ جاری کشیدگی کے تناظر میں سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔
آئی آر جی سی نیوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایرانی شہر سیرک پر امریکی کارروائی آبنائے ہرمز پر ایران کے اسٹریٹجک اثر و رسوخ کو کمزور نہیں کر سکتی۔
بیان کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کو مقررہ بحری راستوں کی پابندی کرنا ہوگی، جبکہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے خلاف کارروائی کا مقصد دیگر بحری جہازوں کو قوانین پر عمل درآمد کی یاد دہانی کرانا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے مزید دعویٰ کیا کہ خطے میں تعینات امریکی فوجی اڈے مستقبل میں سخت ردعمل کا سامنا کر سکتے ہیں۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف مختلف عسکری اقدامات اور جوابی کارروائیوں کے دعوے کیے گئے ہیں، جس سے مشرقِ وسطیٰ میں سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔
دوسری جانب امریکی حکام کی جانب سے ایران کے تازہ بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ عالمی برادری خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔