حساس شہری ڈیٹا غیرملکی ایجنسیوں کو فروخت کرنے والا ڈیجیٹل نیٹ ورک بے نقاب-وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی انسداد دہشت گردی ونگ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں کی حساس معلومات غیر ملکی خفیہ ایجنسیوں کو فروخت کرنے والے ایک منظم ڈیجیٹل نیٹ ورک کا پردہ فاش کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق گرفتار اور نشاندہی کیے گئے ملزمان نادرا، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن اور موبائل فون صارفین سے متعلق حساس ڈیٹا غیر قانونی طور پر حاصل کر کے بیرون ملک منتقل کرتے تھے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروہ نہ صرف حساس معلومات کی فروخت میں ملوث تھا بلکہ شہریوں کے ساتھ ڈیجیٹل مالیاتی فراڈ میں بھی سرگرم تھا۔ نیٹ ورک میں ملکی اور غیر ملکی عناصر کے ملوث ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر ملکی رابطوں میں تھے، جبکہ لین دین کے لیے کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل والٹس کا استعمال کیا جا رہا تھا۔
تحقیقاتی ادارے نے ڈیجیٹل والٹس کا سراغ لگا لیا ہے اور مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے ایف آئی اے سی ٹی ڈبلیو کراچی نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مزید اہم انکشافات سامنے آنے کا امکان ہے، جس سے نیٹ ورک کے مکمل ڈھانچے کو بے نقاب کیا جا سکے گا۔