امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایران پر عائد بحری ناکہ بندی ختم کر دی-امریکی سینٹکام نے تصدیق کی ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر آبنائے ہرمز میں ایران پر عائد بحری پابندیاں اور ناکہ بندی ختم کر دی گئی ہے، جس کے بعد خلیج فارس میں بحری آمدورفت بحال ہونا شروع ہو گئی ہے۔
سینٹکام کے بیان کے مطابق امریکی افواج اب ایران کی بندرگاہوں کی جانب جانے یا وہاں سے آنے والے تجارتی اور دیگر بحری جہازوں کی نقل و حرکت میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کر رہیں۔ تاہم خطے میں موجود امریکی جنگی بحری جہاز اپنی موجودگی برقرار رکھیں گے تاکہ معاہدے پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ حالیہ امریکی-ایرانی مفاہمت کے بعد کیا گیا ہے، جسے خطے میں کشیدگی میں کمی اور بحری تجارت کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس سے قبل آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث عالمی سطح پر تیل کی ترسیل اور شپنگ سرگرمیوں میں شدید رکاوٹ پیدا ہوئی تھی، جس کے اثرات عالمی منڈیوں میں بھی دیکھے گئے تھے۔
حکام کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے مفاہمتی معاہدے کے بعد فریقین کے درمیان جنگ بندی کے نفاذ اور بحری راستوں کی بحالی پر اتفاق کیا گیا ہے، جس سے خطے میں صورتحال معمول پر آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔