فاطمہ ثنا نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرلیا-پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے دی ہنڈریڈ لیگ میں جگہ بنا لی ہے۔ وہ اس معروف لیگ کے لیے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون کرکٹر بن گئی ہیں۔
دی ہنڈریڈ لیگ کی فرنچائز برمنگھم فینکس نے فاطمہ ثنا کو وائلڈ کارڈ ڈرافٹ کے ذریعے اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ انہیں آسٹریلوی کھلاڑی لوسی ہیملٹن کے متبادل کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فاطمہ ثنا کو لیگ میں شرکت کے عوض 15 ہزار پاؤنڈ معاوضہ دیا جائے گا۔ ان کی شمولیت کو پاکستانی خواتین کرکٹ کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔
فاطمہ ثنا اس وقت بین الاقوامی سطح پر بھی عمدہ فارم میں ہیں اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی آل راؤنڈ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کر رہی ہیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقا کے خلاف ورلڈ کپ میچ میں فاطمہ ثنا نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی پیش کی تھی، تاہم ان کی بہترین کوششوں کے باوجود پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں دو وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔