عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی،سپریم کورٹ کا نوٹس-سپریم کورٹ آف پاکستان نے اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے فریقین سے جواب طلب کر لیا ہے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، جس میں عدالت نے پنجاب اور اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرلز سمیت متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب جمع کرانے کی ہدایت کی۔
درخواستوں میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں پر پابندی برقرار ہے، جس سے عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد نہ ہونے کا سوال پیدا ہوتا ہے۔
سماعت کے دوران وکیل عزیر بھنڈاری نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا جبکہ اپیل بھی طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ وکیل نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ ابتدائی طور پر اسپیشل اٹارنی کے ذریعے اپیل دائر کی گئی تھی تاہم بعد ازاں وکالت نامہ جمع کرانے میں مشکلات پیش آئیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آئندہ ہفتے بینچ دستیاب نہیں ہوگا، جس پر سماعت کو تین ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔