مڈل کلاس طبقے کیلئے سولر لگوانے کا پلان آگیا ووزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے متوسط طبقے کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کے لیے نئے سولر قسط منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت شہری آسان اقساط پر سولر سسٹم حاصل کر سکیں گے۔
پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت نے ایسا منصوبہ تیار کیا ہے جس میں صارفین اپنی موجودہ بجلی کے بل کے مساوی ماہانہ قسط ادا کر کے سولر سسٹم نصب کرا سکیں گے۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی گھر کا بجلی کا ماہانہ بل 25 ہزار روپے ہے تو سولر سسٹم لگوانے کے بعد بھی اسے اتنی ہی رقم قسط کی صورت میں ادا کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ تین سے چار سال کے عرصے میں قسطیں مکمل ہونے کے بعد صارفین بجلی کے بھاری بلوں سے مستقل طور پر چھٹکارا حاصل کر سکیں گے۔
سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ متوسط طبقے کو مزید سہولت فراہم کرنے کے لیے کم شرح سود پر قرضوں کی خصوصی اسکیم بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ کراچی میں ’’سندھ انٹرنیشنل فنانشل سینٹر‘‘ کے قیام کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اب چھوٹے منصوبوں کے بجائے بڑے ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کیٹی بندر پورٹ منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے، جبکہ اس حوالے سے اعلیٰ سطح پر بین الاقوامی رابطے کیے جا چکے ہیں۔