وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے نیا طیارہ خریدلیاگیا-صوبہ پنجاب میں سرکاری طیارے کی خریداری سے متعلق نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے استعمال کے لیے ایک نیا گلف اسٹریم جی 500 طیارہ حاصل کیا گیا ہے جس کی مالیت تقریباً 10 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ طیارے کا رجسٹریشن نمبر این 144 ایس ہے اور یہ تاحال پاکستان میں رجسٹرڈ نہیں ہوا بلکہ امریکی رجسٹریشن پر ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس طیارے کا ماضی میں پاکستان آمد و رفت کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔
طیارے کی خریداری کی خبروں کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں۔ بعض صارفین کا کہنا ہے کہ سرکاری وسائل عوامی فلاح پر خرچ ہونے چاہئیں جبکہ قومی خزانے سے مہنگا طیارہ خریدنے پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ "ایئر پنجاب” کے لیے ایک مکمل فلیٹ تیار کیا جا رہا ہے جس میں مختلف اقسام کے طیارے شامل ہوں گے۔ ان کے مطابق کچھ جہاز خریدے جائیں گے جبکہ بعض لیز پر حاصل کیے جائیں گے اور یہ اقدام اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملات حتمی شکل اختیار کرنے کے بعد تفصیلات عوام کے سامنے رکھ دی جائیں گی۔
انہوں نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ادھوری بات کرنا مناسب نہیں، اگر ٹیکس چوری سمیت دیگر معاملات پر بات کی جائے تو اسے سیاسی انتقام قرار دے دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اس معاملے پر سرکاری سطح پر باضابطہ اعلامیہ جاری ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔