پشاور:سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکا،ایک اہلکار شہید،دو زخمی
پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر واقع کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے تھانے میں زور دار دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور دو زخمی ہوگئے۔
ایس ایس پی آپریشنز مسعود بنگش کے مطابق دھماکے سے تھانے کی عمارت کے ایک حصے کو نقصان پہنچا جبکہ موقع پر امدادی ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری پہنچ گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے فوری بعد تھانے میں موجود تمام ملزمان کو حفاظتی طور پر سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹرز منتقل کردیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے اور تحقیقاتی ٹیموں نے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر داخلی و خارجی راستے بند کردیئے جبکہ شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔